25 اگست، 2026، 10:10 AM

ایرانی مسلح افواج کی جنگی حالات میں حکومت کی کوششوں کی قدر دانی

ایرانی مسلح افواج کی جنگی حالات میں حکومت کی کوششوں کی قدر دانی

ایرانی مسلح افواج نے حکومت کی کوششوں کی قدردانی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ملکی خودمختاری اور سیاسی اقتدار کے تحفظ کے لیے حکومت کے ساتھ ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی مسلح افواج نے ایک بیان میں جنگی حالات کے دوران حکومت کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملکی صلاحیتوں اور جدید فوجی علم و ٹیکنالوجی پر اعتماد کرتے ہوئے ملکی سالمیت اور سیاسی اقتدار کے تحفظ کے لیے حکومت کے ساتھ ہمیشہ کھڑی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف اور مرکزی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء نے ہفتہ حکومت کے موقع پر جاری بیان میں شہید محمد علی رجائی اور شہید محمد جواد باہنر کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان شخصیات نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بے لوث خدمت اور انقلابی جدوجہد کا راستہ آنے والی نسلوں کے لیے روشن کیا۔

بیان میں شہید حکومتی شخصیات سید ابراہیم رئیسی، حسین امیرعبداللہیان، سید اسماعیل خطیب اور امیر جنرل عزیز نصیرزادہ کو بھی یاد کیا گیا، جنہوں نے ملک کی ترقی، داخلی سلامتی کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی آخری سانس تک خدمات انجام دیں۔

مسلح افواج نے کہا کہ وہ دوسری اور تیسری مسلط کردہ جنگوں کے دوران حکومت کی انتھک کوششوں اور اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ان مشکل حالات میں حکومت کی انتظامی حکمت عملی اور اقدامات، رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبی حسینی خامنہ ای کی ہدایات اور رہنمائی کی روشنی میں، تمام دباؤ اور ظالمانہ پابندیوں کے باوجود امریکی صہیونی دشمنوں کے مقابلے میں دفاعی محاذ پر موجود اہلکاروں کے لیے اہم سہارا ثابت ہوئے۔

ایرانی مسلح افواج نے مزید کہا کہ ملک کے وسائل کو متحرک کرنے، لاجسٹک انتظامات اور فوجی ضروریات کی فراہمی میں حکومت کی جامع حمایت نے دشمنوں کے مقابلے میں ملکی دفاعی طاقت کو مزید مضبوط کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ تعاون اور ہم آہنگی ہی دشمنوں کے مقابلے میں کامیابیوں اور استقامت کا بنیادی راز ہے۔

ایرانی مسلح افواج نے شہدا سے تجدید عہد کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ مقامی صلاحیتوں اور جدید فوجی علوم کے ذریعے ملک کی علاقائی سالمیت اور سیاسی اقتدار کے تحفظ کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج جہادی جذبے کے ساتھ اسلامی وطن کی عظمت اور سلامتی کے دفاع کے لیے ہر قسم کے خطرات کا پوری قوت سے مقابلہ کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔

News ID 1940850

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha